حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا سید غافر رضوی چھولسی مدیر ساغر علم دہلی نے مولانا ثنا عباس کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سرزمین بارہ بنکی کے گوہر نایاب، مخلص عالم دین، ذاکر اہلبیت اور خوش اخلاق انسان مولانا سید ثنا عباس صاحب ابن سید زہیر عباس صاحب جو کل تک بزم دوستان کی زینت تھے آج وہ ہمارے درمیان سے بزم ملائکہ میں پہنچ گئے۔
یقین آتا تو نہیں ہے لیکن کرنا بھی پڑتا ہے کیونکہ جس نے جان دی ہے، جان اسی کی ہے اور وہی اس کا مالک ہے اور مالک کو مکمل اختیار ہوتا ہے جب چاہے اپنی چیز واپس لے لے کیونکہ خریدی ہوئی چیز واپس نہیں ہوتی لیکن جہاں خرید و فروخت درکار ہی نہ ہو تو ایسے مقام پر مالک کو مکمل اختیار ہوتا ہے۔
میں مرحوم کے خانوادہ سے کہوں گا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، آپ لوگ اس غم میں اکیلے نہیں ہیں، نہ جانے کتنے لوگ آپ لوگوں کو تسلیت و تعزیت پیش کر رہے ہیں لیکن ہائے کربلا والے!!! وہاں تسلیت کی جگہ طمانچے اور تعزیت کی جگہ تازیانے ملے۔
آج ہمارے درمیان سے ایک خوش اخلاق انسان کا فقدان ہوگیا، انّا لله و انّا الیه راجعون ـ خداوند عالم سے دعا ہے کہ پروردگار عالم مرحوم کو جوار معصومین علیھم السلام میں جگہ عنایت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل و اجر جزیل سے نوازے ـ آمین یا رب العالمین